اسلام آباد(تنویر ہاشمی ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی اقتصادی امور نےنےسندھ شمسی توانائی منصوبے میں خوردبرد کیے گئے پانچ ارب روپے کی فوری وصولی کی ہدایت کر دی اوراقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت کی کہ یہ معاملہ سندھ حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے، ای اے ڈی نےملوث افسران کے خلا ف تادیبی کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرا دی ، کمیٹی نےسندھ میں عالمی بینک کے تعاون سے مکمل کیے جانے والے آبپاشی کے اکرم واہ کینال منصوبے میں شفافیت پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے، قائمہ کمیٹی اقتصادی امور کا اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مالیاتی ضوابط کی پاسداری اور غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں میں شفافیت کے امور کا جائزہ لیا گیا،چیئرمین کمیٹی نے سندھ سولر انرجی منصوبے میں خرد برد کیے گئے 5 ارب روپے کی وصولی میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کمیٹی نے یاد دہانی کرائی کہ حکومت سندھ کے سیکریٹری نے ایک سابقہ اجلاس میں تسلیم کیا تھا کہ منصوبے میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیاں اور خورد برد سامنے آئی ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے اقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت کی کہ اس معاملے کو فوری بنیادوں پر اٹھایا جائے اور رقم کی وصولی کو یقینی بنا کر قومی خزانے میں جمع کرایا جائے۔ اقتصادی امور ڈویژن نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ معاملہ حکومت سندھ کے ساتھ اٹھایا جائے گا اور ملوث افسران کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔