کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کا سیلاب کے بعد ہائوسنگ پروگرام عالمی ماڈل بن چکا ہے، خاتونِ اول پاکستان آصفہ بھٹو زرداری نے فورم سے صدارتی خطاب میں کہا کہ محفوظ رہائش صرف ایک جسمانی ڈھانچہ نہیں بلکہ عزت، تحفظ اور مواقع کی بنیاد ہے،کراچی میں حکومت سندھ کی میزبانی میں ایشیا پیسیفک شیلٹر اینڈ سیٹلمنٹس فورم 2026 کا آغاز ہو گیا ۔ صوبائی حکومت کےزیر اہتمام 3 روزہ ایشیا پیسیفک شیلٹر اینڈ سیٹلمنٹس فورم (اے پی ایس ایس ایف)2026 سے خاتونِ اول پاکستان آصفہ بھٹو زرداری نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ رہائش صرف ایک جسمانی ڈھانچہ نہیں بلکہ عزت، تحفظ اور مواقع کی بنیاد ہے، رہائش صرف سر پر چھت کا نام نہیں بلکہ وہ جگہ ہے جہاں خاندان نقصان سے سنبھلتے ہیں، بچے خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں اور کمیونٹیز آگے بڑھنے کی طاقت حاصل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ رہائش کی عدم دستیابی نہ صرف مادی مشکلات پیدا کرتی ہے بلکہ عزت اور استحکام بھی متاثر ہوتا ہے۔