کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران سب سے زیادہ مراعات یافتہ قیدی ہیں۔ جیو نیوز نمائندہ خصوصی،ڈھاکہ اعزاز سید نے کہا کہ الیکشن مجموعی طور پر پرامن رہا ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سب سے زیادہ مراعات یافتہ قیدی ثابت ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں صرف ٹی وی، فریج اور مچھروں کے حوالے سے کمی بتائی گئی ہے اور کہا ہے کہ ذاتی معالج کی رسائی اور خاندان کی ملاقات کرا دی جائے، ملاقاتوں کے معاملے میں جیل حکام جواب دیں گے۔ سپریم کورٹ نے ہدایات دی ہیں جو بھی معاملہ ہوگا سامنے آجائے گا۔ رپورٹ سے پتا چلا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بہترین سہولتیں میسر ہیں۔