لاہور(آصف محمود بٹ) ایران کے صوبہ کرمان میں برفانی طوفان کے باعث جاں بحق ہونے والے تین پاکستانی شہریوں کی میتیں تاحال پنجاب کے آبائی اضلاع تک نہیں پہنچ سکیں، ضلعی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ باضابطہ مراسلہ موصول ہو چکا ہے اور بلوچستان حکومت سے رابطہ جاری ہے۔ تینوں افراد رواں ہفتے ایران کے جنوب مشرقی صوبے کرمان میں شدید برفباری اور منفی درجہ حرارت کے باعث پیش آنے والے واقعے میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔پاکستان قونصل خانہ زاہدان کی جانب سے اموات کی تصدیق کے بعد وزارت خارجہ نے میتوں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات شروع کیے۔ مراسلے میں ڈپٹی کمشنر چاغی اور اسسٹنٹ کمشنر تفتان کو ہدایت کرنے کی درخواست کی گئی کہ وہ سرحد پر میتیں وصول کر کے انہیں گوجرانوالہ اور منڈی بہاؤالدین روانہ کرنے کے انتظامات کریں۔