• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری کے تاریخی فائر اسٹیشن کی شاندار عمارت عدم توجہی کی بنا پر مخدوش ہوچکی

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں آتشزدگی کے واقعات بڑھ رہے ہیں اور فائر بریگیڈ کو بہتر بنانے کیلئے خاطرخواہ اقدامات سامنے نہیں آرہے۔ کراچی کے قدیم علاقے لیاری کے تاریخی فائر اسٹیشن کی شاندار عمارت عدم توجہی کی بنا پر مخدوش ہوچکی ہے جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔ عمارت کی چھتوں، پلرز اور بالکونیوں کا پلستر اکھڑ چکا ہے اور جگہ جگہ سے زنگ آلود سریے نظر آرہے ہیں۔ اس نمائندے نے دورہ کیا تو لیاری فائر اسٹیشن کے آپریٹر روم میں کوئی نہیں تھا۔ دونوں فون نمبرز کئی سالوں سے عدم ادائیگی کی بنا پر منقطع پائے گئے۔ لوگوں نے بتایا کہ لوگ کسی آتشزدگی کی صورت میں اطلاع فائر ہیڈ کوارٹر کو دی جاتی ہے جہاں کا آپریٹر ڈیوٹی پر موجود فائر فائٹرز کے موبائل فونز پر کال کرکے اطلاع دیتا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ زیادہ تر واقعات میں شہری خود چل کر لیاری فائر اسٹیشن اگ کی اطلاع دیتے ہیں۔ لیاری فائر اسٹیشن کے انچارج موجود نہیں تھے۔ پتہ چلا کہ ان کے پاس بولٹن مارکیٹ فائر اسٹیشن کا بھی چارج ہے جو زیادہ تر بولٹن مارکیٹ میں ہی ڈیوٹی دیتے ہیں۔ دورے کے دوران دیکھا گیا کہ اگ بجھانے کے قیمتی پائپس بچھا کر رہائشی آبادی کو پانی کی سپلائی دی جا رہی تھی۔ جوکہ ایمرجنسی سروس کے اس ادارے کے وسائل کی بربادی ہے۔ لیاری فائر اسٹیشن میں گاڑیوں میں پانی بھرنے کا بھی کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں۔ بتایا گیا کہ پانی بہت کم آتا ہے جو لائن سے آگ بجھانے کے پائپس کے ذریعے ہی گاڑیوں میں بھرا جاتا ہے۔ سینٹر میں شٹرز یا گرل کاٹنے کے آلات بھی موجود نہیں تھے۔
اہم خبریں سے مزید