کراچی (نیوز ڈیسک)بنگلادیشی پارلیمانی انتخابات کے دوران جعلی معلومات کی بھرمار، جعلی خبری کارڈز، ڈیپ فیک ویڈیوز اور پرانے مواد کے ذریعے ووٹروں کو خوفزدہ کیا گیا۔ دھاندلی کے الزامات ،سوشل میڈیا پرروایتی میڈیا کو جانبدار اور جعلی قرار دینے کی مہم چلائی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کے 13ویں پارلیمانی انتخابات کے دوران سوشل میڈیا پر جعلی اطلاعات کا شدید سلسلہ دیکھا گیا، جس میں کچھ اکاؤنٹس نے جعلی خبری کارڈز، ڈیپ فیک ویڈیوز اور پرانے مواد کو دوبارہ گردش میں لا کر ووٹروں کو خوفزدہ کیا اور بی این پی سمیت دیگر جماعتوں پر الزامات عائد کیے۔ پرو عوامی لیگ اور بی این پی گروپس نے بھی دھاندلی اور ووٹوں کی جعلسازی کے جھوٹے دعوے کیے، جبکہ سوشل میڈیا پر میڈیا کو جانبدار قرار دینے کی مہم چلائی گئی۔ اس مہم نے ووٹروں میں الجھن پیدا کی اور انتخابات کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی، جس سے انتخابی شفافیت اور ووٹر اعتماد کو خطرہ لاحق ہوا۔