کراچی (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا دونوں کیلئے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کا سفر اگلے میچ میں جیت پر منحصر ہوگیا ۔ پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 61 رنز کی بھاری شکست نے پوائنٹس ٹیبل پر دباؤ میں ڈال دیا ہے، تو دوسری جانب کینگروز زمبابوے کے ہاتھوں غیر متوقع شکست کے بعد گروپ مرحلے میں اخراج کے خطرے سے دوچار ہو چکا ہے۔ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ 0.932 سے گر کر منفی 0.403 ہو گیا، وہ امریکا سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔ امریکا چار میچز میں دو فتوحات کے ساتھ چار پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث مضبوط پوزیشن میں ہے۔ پاکستان ایونٹ میں اپنا آخری گروپ میچ بدھ کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا، جہاں کسی بھی اپ سیٹ کی صورت میں قومی ٹیم کا سپر ایٹ مرحلے تک پہنچنا ناممکن ہو سکتا ہے۔ یوں اب پاکستان کو نہ صرف فتح بلکہ دیگر میچز کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔ دوسری طرف آسٹریلیا کی صورتحال بھی خاصی نازک ہے۔ زمبابوے کے ہاتھوں 23 رنز کی شکست نے گروپ بی کو مکمل طور پر کھول دیا ہے، جہاں چاروں ٹیمیں یعنی سری لنکا، زمبابوے آئرلینڈ اور آسٹریلیا کے پاس سپر ایٹ میں پہنچنے کا موقع موجود ہے۔ آسٹریلیا نے دو میچز میں ایک کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے باقی مقابلے سری لنکا اور عمان کے خلاف ہیں۔ آسٹریلیا اگر اپنے دونوں میچز جیت بھی لیتا ہے تو بھی اس کی قسمت نیٹ رن ریٹ اور دیگر نتائج سے جڑی رہے گی۔ اگر سری لنکا زمبابوے کو ہرا دیتا ہے اور زمبابوے آئرلینڈ کے خلاف کامیاب ہو جاتا ہے تو تین ٹیمیں چھ پوائنٹس پر آ جائیں گی اور فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہو گا۔ ایسے میں آسٹریلیا کے لیے معمولی لغزش بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ حتیٰ کہ سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد بھی آسٹریلیا فوری طور پر ایونٹ سے باہر نہیں ہو گا، لیکن اس صورت میں اسے عمان کے خلاف لازمی جیت کے ساتھ ساتھ زمبابوے کی دونوں شکستوں کی امید کرنا پڑے گی۔ سری لنکا کیلئے آسٹریلیا کے خلاف فتح براہِ راست سپر ایٹ کا ٹکٹ ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ زمبابوے اگر سری لنکا کو شکست دے دیتا ہے تو وہ بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنا لے گا۔ آئرلینڈ کے امکانات کم ضرور ہیں، مگر وہ زمبابوے کو ہرا کر دیگر ٹیموں کے نتائج سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا یہی غیر متوقع مزاج ہے کہ ایک دو نتائج پورے منظرنامے کو بدل دیتے ہیں، اور اب ہر میچ نہ صرف دو پوائنٹس بلکہ پورے ایونٹ کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔