کراچی(اسٹاف رپورٹر) پہلی بار آئی سی سی ایونٹ میں بھی پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اوربھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کولمبو میں ٹاس کے دوران ہاتھ نہیں ملایا۔ سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر اور مبصرسنجے منجریکر نے سوشل میڈیا پر بیان میں بھارتی ٹیم کی ڈھٹائی اور ’نو ہینڈ شیک ‘ پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس پالیسی کو احمقانہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کو اس کی اصل روح کے مطابق کھیلا جائے یا پھر کھیلنا ہی نہیں چاہیے۔ خیال رہے کہ میچ سے قبل بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا تھا کہ اس کا پتہ ٹاس کے موقع پر 24 گھنٹے بعد ہی چلے گا۔ ٹاس کے بعد پہلے سلمان علی آغا اور پھر سوریا کمار نے کمنٹیٹر سے گفتگو کی بعد ازاں دونوں ہاتھ ملائے بغیر آگے بڑھ گئے۔ یہ روایت مئی میں پاک بھارت جنگ کے بعد دیکھنے کو ملی تھی جب دبئی میں ایشیا کپ کے تین میچوں میں دونوں کپتان نے ہاتھ نہیں ملایا پھر اختتامی تقریب میں بھی تنازع ہوا اور بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی جو آج تک چیمپئن بھارت کو نہیں مل سکی ہے۔