لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سات ماہ کے اندر دوسری کانووکیشن کا انعقاد ایک قابلِ ذکر کامیابی ہے۔ہر کامیاب فارغ التحصیل طالب علم کے پیچھے ماں کی دعائیں، باپ کی قربانیاں اور خاندان کی مسلسل حمایت شامل ہوتی ہے۔ امیر الدین میڈیکل کالج لاہور کے چھٹے اور پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور کے 11 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، ایم ایس جنرل ہسپتال لاہور ڈاکٹر فریاد حسین، ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز ڈاکٹر عمر اسحاق، پروفیسر ندرت، ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات سمیت والدین نے بھی شرکت کی۔امیر الدین میڈیکل کالج سے ڈاکٹر آمنہ انور کو 23 میڈلز، ڈاکٹر زوہہ سلیم کو 15 میڈلز جبکہ ڈاکٹر تحریم ثناء کو 14 میڈلز سے نوازا گیا۔امیر الدین میڈیکل کالج کی پہلی تین پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں، طالبات کو میڈلز سے بھی نوازا گیا۔170 ڈاکٹرز کو ڈگریوں سے نوازا گیا، 129 میڈلز تقسیم کئے گئے، امداد ثقلین کو خصوصی میڈل سے نوازا گیا۔ مہمانان خصوصی نے بیسٹ گریجویٹس، پوسٹ گریجوایٹس و دیگر نمایاں گریجویٹس کو گولڈ و سلور میڈلز اور ایم بی بی ایس کی ڈگریاں تقسیم کیں۔اس دوران پرنسپل کی جانب سے جنرل ہسپتال لاہور کی نمایاں کامیابیوں پر مبنی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔