پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں فالج کے مریضوں کے لئے جدید ایمرجنسی علاج کی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے جو صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے خیبر پختونخوا حکومت کی تعاون سے خصوصی فنڈ کے زریعے اس علاج کا آغازجا رہا ہے تاکہ فالج کے مریضوں کو بروقت اور موثر علاج فراہم کیا جا سکے۔اس سہولت کے تحت فالج کے مریضوں کا سٹروک اٹیک کے بعد 3 سے 4 گھنٹوں کے اندر خصوصی زندگی بچانے والا پروسیجر کیا جائے گا پی آئی سی انتظامیہ کے مطابق بروقت علاج سے مریض کی جان بچانے کے ساتھ ساتھ فالج کے اثرات کو کم یا ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔پی آئی سی کے ڈین اور چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ نے کہا کہ پی آئی سی میں فالج کے جدید علاج کا آغاز ایمرجنسی طبی سہولیات میں ایک اہم پیش رفت ہے، بروقت علاج مریضوں کی جان بچانے اور مستقل معذوری سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر علی رضا نے کاکہنا تھا کہ یہ اقدام پی آئی سی میں خصوصی طبی سہولیات کے فروغ کے عزم کا اظہار ہے ، اس سہولت کی دستیابی سے فالج کے مریضوں کو فوری اور موثر علاج فراہم کیا جا سکے گا جس سے صحت یابی کے امکانات زیادہ ہوں گے۔