• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہِ رمضان کے استقبال کیلئے لندن جگمگا اُٹھا، میئر صادق خان کا خصوصی پیغام جاری

—فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
—فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

رمضان کے مقدس مہینے کے استقبال کے لیے لندن کے مشہور علاقے ویسٹ اینڈ کو مسلسل چوتھے سال روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔

لندن کی کوونٹری اسٹریٹ جو شہر کے دو مصروف ترین مقامات پیکاڈلی سرکس اور لیسٹر اسکوائر کو جوڑتی ہے، اسے’رمضان‘ کی آمد سے قبل چاند ستاروں والی خوبصورت لائٹس لگا کر روشن کیا گیا۔

میئر لندن صادق خان نے ’رمضان لائٹس‘ کا افتتاح کیا ہے اور اس سال بھی ان لائٹس کا اہتمام عزیز فاؤنڈیشن نے ہی کیا ہے۔

 30 ہزار سے زائد ایل ای ڈی لائٹس ماہِ رمضان میں شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک پکاڈلی سرکس اور لیسٹر اسکوائر کے درمیان آسمان کو روشن کریں گی۔

اس حوالے سے میئر لندن صادق خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خصوصی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے ویڈیو میں کہا ہے کہ 4 سال پہلے لندن مغربی دنیا کا پہلا شہر تھا جسے رمضان کا استقبال کرنے کے لیے لائٹس لگا کر روشن کیا گیا اور آج رات ایک بار پھر لندن امید اور اتحاد کی روشنی کے طور پر جگمگا رہا ہے۔

صادق خان نے کہا کہ رمضان ایمان کی تجدید اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے اور ان کی لوگوں کی مشکلات پر غور کرنے کا وقت ہے جن کی قسمت ان کا زیادہ ساتھ نہیں دے رہی۔

اُنہوں نے کہا کہ ہر سال ہمیں ماہِ رمضان میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی جانب سے سخاوت کے ناقابلِ یقین اقدامات دیکھنے کو ملتے ہیں اور مجھے یقین ہے اس ماہِ رمضان بھی ایسا ہی ہو گا۔

میئر صادق خان نے کہا کہ میں لندن کو عظیم شہر بنانے کے لیے یہاں رہنے والے تمام مسلمان شہریوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔

اُنہوں نے قرآن مجید کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ نے خود انسان کو مختلف رنگوں اور نسلوں میں تقسیم کیا ہے۔

صادق خان نے کہا کہ گزشتہ سالوں کے دوران دنیا میں اس طرح کی جو آوازیں بلند ہو رہی ہیں کہ ہمارے مختلف رنگ اور نسل ہماری کمزوری ہیں یا خطرہ ہیں، ایسی آوازیں تعصب پسند لوگ صرف اپنے سیاسی مفادات کے لیے اٹھا رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے لوگوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے بلکہ ہم وہی کریں گے جو کہ لندن کے شہری ہمیشہ سے کرتے آ رہے ہیں، ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر ساتھ کھڑے رہیں گے، اپنے اختلافات کا احترام کریں گے اور ان اقدار کا دفاع کریں گے جو ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں۔

میئر لندن صادق خان نے آخر میں رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رمضان میں ہمارا پیغام یہی ہے کہ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو آپ کو لندن میں ہمیشہ محبت ملے گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید