کراچی (اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق ہو گئے، تفصیلات کے مطابق کورنگی روڈ مارکیٹ کے سامنے کار کی ٹکر سے راہ گیر 41 سالہ خاتون زوجہ یوسف جاں بحق ہو گئی ،متوفیہ چار بچوں کی ماں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار کی اہلیہ بتائی جاتی ہے،پولیس کے مطابق خاتون کو تیز رفتار کار نے ٹکر ماری ، نوجوان ڈرائیور ریان سعید کو گرفتار کرکے گاڑی میں قبضے میں لے لی گئی ہے ، اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 46سالہ خلیل اختر ولد رحیم بخش جاں بحق ہوگیا ، لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، جناح اسپتال پل کے اوپر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 25سالہ اسامہ حنیف ولد محمد حنیف جاں بحق ہو گیا ،لانڈھی لال آباد چڑھائی کے قریب ٹریفک حادثے میں 20 برس کا نوجوان جاں بحق ہو گیا، لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔