کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے مختلف نیوز چینلز و اخبارات کی جانب سے صحافیوں و دیگر اسٹاف کو رمضان المبارک کے دوران بھی تنخواہوں سے محروم رکھنے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بی یو جے کے صدر منظور احمد رند، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین،کابینہ و مجلس عاملہ کے اراکین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ جاری ہے مگر بعض ٹی وی چینلزاور اخبارات نے تاحال صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہیں ادا نہیں کی ہیں۔ انہوں نے اس امر کی مذمت کی کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کا استحصال کیا جارہا ہے۔انہوں نے میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر بقایا جات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کیلئے کسی بھی سطح پر آواز اٹھانے سے دریغ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روز مرہ اخراجات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں پہلے ہی کم تنخواہوں کے باعث صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے گھر کا چولہا جلائے رکھنا مشکل ہو کر رہ گیا ہے ایسے میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے مسلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے ۔انہون نے میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہیں فوری ادا کی جائیں۔