• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بولرز کو پیٹا، وکٹیں بھی لیں، رویندرا سری لنکا پر بھاری، کیویز کو پہلی فتح دلا دی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبان اور سابق چیمپئن سری لنکا نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 61رنز کی شکست کے بعد سیمی فائنل کے دوڑ سے باہر ہوگئی۔ راچن رویندرا نے تن تنہا کیویز کو جتوادیا۔ بیٹنگ میں انہوں نے سری لنکن بولرز کو پیٹا پھر اسپن جادوگری سے چار وکٹ بھی لیے۔ یہ میزبان سائیڈ کی مسلسل دوسری ہار تھی ۔ بدھ کوپریما داسا اسٹیڈیم کولمبو میں سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں سری لنکن بیٹنگ بری طرح ناکام ہوگئی اور168 رنز کے جواب میں 8 وکٹ پر صرف 107رنز بناسکی۔ نیوزی لینڈ نے پہلی کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔ اس کے تین پوائنٹس ہیں۔ پلیئر آف دی میچ راچن رویندرا نے22 گیندوں پر32 رنز بنائے اور چار اوورز میں27 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ میٹ ہنری نے تین رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کی نذر ہونے پر دونوں ٹیموں ایک ایک پوائنٹ ملا تھا ۔ سری لنکن اننگز مایوس کن انداز میں شروع ہوئی ۔ میٹ ہنری نے پاتھم نسانکا کو صفر اور اسالانکا کو پانچ رنز پر پویلین لوٹاکر چارج اسپنر راچن رویندرا کے سپرد کیا۔ راچن نے کوشال مینڈس 11، رتھنا ئیکے دس ، کپتان داشن شناکا کو تین رنز پر نشانہ بناکر میزبان ٹیم کے اوسان خطا کردیے ۔ اس کے بعد میچ ہوم سائیڈ کے ہاتھ سے نکل گیا۔ قبل ازیں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کھیلتے ہوئے کیویز نے 7 وکٹوں پر 168 رنز اسکور کیے۔ نیوزی لینڈ نے آخری چار اوورز میں 70رنز بناکر بڑ اسکور کھڑا کردیا۔ دھواں دھار آغاز کے بعد سری لنکا نے مڈل اوورز میں کیویز کو قابو کیا اور 86 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم کردیا۔ ساتویں وکٹ پر کپتان مچل سینٹنر اور کول میک کونچی نے 48 گیندوں پر 84 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی ۔ مچل سینٹنر صرف 26 گیندوں پر چار چھکے اور دو چوکوں کے مدد سے 47 رنز بنا کر نمایاں رہے ، میک کونچی نے ناٹ آؤٹ 31 رنز دو چھکے اور تین چوکےلگاکر بنائے۔ راچن رویندرا 32، فِن ایلن 23، گلین فلپس 18، ٹِم سائفرٹ 8، ڈیرل مچل 3 اور مارک چیپمین صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے مہیش ٹھیکشانا اور دُشمانتا چمیرا نے 3، 3 جبکہ دونِتھ ویلالگے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسپورٹس سے مزید