کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلش کرکٹ بورڈ اوردی ہنڈریڈ کی تمام 8 فرنچائزز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو ہر لحاظ سے جامع اور سب کیلئے قابلِ رسائی رکھا جائے گا ۔ کسی بھی کھلاڑی کو قومیت کی بنیاد پر خارج نہیں کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کا انتخاب صرف کارکردگی، دستیابی اور اسکواڈ کی ضرورت کو مدِنظر رکھ کر کیا جائے گا، نہ کہ قومیت کی بنیاد پر۔ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دی ہنڈریڈ کا قیام نئے شائقین تک رسائی، کرکٹ کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور ہر نسل، مذہب، جنس اور پسِ منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو کھیل میں شمولیت کا احساس دلانے کے مقصد سے عمل میں لایا گیا تھا، یہ اصول آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ ای سی بی بطور نگراں ادارہ امتیازی سلوک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رکھتا ہے اور اس حوالے سے سخت ضوابط نافذ ہیں۔ خیال رہے کہ یہ وضاحت برطانوی میڈیا میں شائع ہونے والی ان رپورٹس کے بعد سامنے آئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دی ہنڈریڈ کی چند فرنچائزز، جن میں سے بعض میں انڈین پریمیئر لیگ سے منسلک سرمایہ کاروں کی جزوی ملکیت شامل ہے، آئندہ ماہ ڈرافٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کر سکتی ہیں۔