اسلام آباد (ممتاز علوی) مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) نے بدھ کو حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں قائم امریکی سفارت خانے اور قونصل خانوں کو فوراً بند کیا جائے۔ یہ مطالبہ ایم ڈبلیو ایم کے نائب چیئرمین سید احمد اقبال رضوی، آئی ایس او کے صدر سید امین شیرازی، ایم ڈبلیو ایم کے چیف آرگنائزر سید ناصر شیرازی اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے تناظر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ان رہنماؤں نے یکم مارچ کے احتجاج کے دوران مظاہرین پر فائرنگ کے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملوث اہلکاروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے رہنماؤں نے زور دیا کہ گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا، شہداء کے اہلِ خانہ کو معاوضہ اور زخمیوں کو مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔