اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) سی سی پی نے خوردنی تیل اور گھی کی ترسیل میں گٹھ جوڑ پر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن پر چھ کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا،مسابقتی کمیشن کےمطابق آل پاکستان ایڈیبل آئل ٹینکراونرز ایسوسی ایشن پر کارٹل بنانے کا الزام ثابت ہو گیا ۔ سی سی پی کرایوں کا اجتماعی تعین اور پرچی و باری کا نظام فوری ختم کرنے کا حکم دیدیا ۔سی سی پی کے مطابق خوردنی تیل کی ترسیل کے کرائے طے کرنے اور ٹینکرز میں کاروبار تقسیم کرنے پر چھ کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا جس میں کرایوں کے اجتماعی تعین پر تین کروڑ اور پرچی اور باری کے ذریعے کاروبار کی تقسیم پر مزید تین کروڑ روپے جرمانہ شامل ہے،سی سی پی کے مطابق ڈیزل ایک روپیہ مہنگا ہونے پر کرایہ 0.75 فیصد بڑھانے اور ایک روپیہ سستا ہونے پر صرف 0.5 فیصد کم کرنے کا فارمولہ طے تھا یعنی ڈیزل کی قیمت میں یکساں تبدیلی پر کرایہ بڑھانے کی شرح، کم کرنے کی شرح سے 50 فیصد زیادہ تھی،چھ سال میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 89 مرتبہ اجتماعی ردوبدل کیا گیا، جس میں 52 مرتبہ اضافہ اور 37 مرتبہ کمی کی گئی۔