لاہور(آصف محمود بٹ)پاکستان سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) پاکستان کے9رکنی وفد نے چین کا 6روزہ مطالعاتی دورہ مکمل کرلیا، جو اکیڈمی کی تاریخ میں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے تحت پہلے باضابطہ غیرملکی مطالعاتی دورے کا اعزاز حاصل کرگیا، اہم سنگ میل، بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ژو میں حکومتی اداروں، جامعات اور صنعتی مراکز کے دورے۔ وفد نے 13 سے 18 ستمبر تک بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ژو کا دورہ کیا اور چینی حکومت کے اعلیٰ حکام، جامعات، تحقیقی اداروں، صنعتی تنظیموں اور شہری ترقی کے مراکز سے ملاقاتیں اور مطالعاتی دورے کیے۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) فیصل ظہور نے کی۔ وفد میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور فارن سروس آف پاکستان سے تعلق رکھنے والے زیر تربیت افسران طلحہ حسیب، محمد شفاعے، علیم ملک، افسح خالد، رابعہ امان، افراح تہلیل، مومنہ اظہر اور علیزہ شامل تھیں۔ بیجنگ میں وفد نے چین کی وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں کونسلر چن وی، ڈپٹی ڈویژن ڈائریکٹر یاؤ یوئے اور ڈیسک آفیسر لی جیالین سے ملاقات ہوئی۔وفد نے چائنا فارن افیئرز یونیورسٹی (سی ایف اے یو) میں ’’ریسرچ سینٹر آن بلڈنگ اے کمیونٹی ود اے شیئرڈ فیوچر فار ہیومینٹی‘‘ کے ساتھ ایک سیمینار میں بھی شرکت کی۔ سیمینار میں پاک چین تعلقات، طرز حکمرانی، نوجوانوں کے باہمی روابط اور ادارہ جاتی تجربات سے استفادے کے امور زیر بحث آئے۔