کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے 18 ماہ کی آئیزل، 16 سالہ حافظ قرآن روشیم خان، 6 سالہ ولی ،میر رضا علی ،سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور اس کے3کمسن بچوں کے قتل سمیت دیگر معصوم بچوں اور بچیوں کے اغوا، زیادتی اور بے رحمانہ قتل کے خلاف آج اتوار 20 ستمبر کو کلفٹن تین تلوار پر فنکشنل لیگ کراچی ڈویژن کی طرف سے پُر امن احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے،فنکشنل لیگ ہاؤس کلفٹن میں کراچی ڈویژن کے ذمہ داران، ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ معصوم بچوں کی لاشیں اٹھانے والے والدین کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، کراچی میں بچے ، بچیاں اور خواتین محفوظ نہیں ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال ہو رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے قتل کے واقعات نے والدین کو دہلا دیا ہے ، سنگین واقعات شہریوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔