• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم کوئی سڑک بند نہیں کریں گے، لیاقت بلوچ

کراچی (ٹی وی رپورٹ) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم کوئی سڑک بند نہیں کریں گے بلکہ عوام کو ریلیف دلائیں گے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ جماعت اسلامی کہہ رہی ہے ہم ڈی چوک تک آنا چاہتے ہیں اور ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ اسلام آباد کی کوئی سڑک بند نہیں کریں گے ایسا ممکن نہیں ہے چونکہ ڈی چوک اسلام آباد کی شہہ رگ ہے۔ دونوں مہمان جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کر رہے تھے۔ ۔لیاقت بلوچ نے بتایا کہ دباؤ کی وجہ سے ریلیف پیکج متعارف کرایا گیالیکن یہ مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ وزیراعظم پہلے بھی ریلیف پیکج دیتے رہے ہیں اور یقینا یہ عوام کا حق تھا اور حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ جب حکومتیں کام ٹھیک کر رہی ہوں تو احتجاج کی ضرورت نہیں ہوتی جب معیشت کا پہیہ جام ہوتا چلے جائے تو احتجاج فطری ہے۔ حکومت کی عدم حکمت عملی کے باعث احتجاج نے جنم لیا ہے اور کنٹینر لگنے سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوتی ہے اور بیرونی سرمایہ کار بھی گھبرا تا ہے۔ ہم نے ان کے سامنے رکھا کہ وفاق کے اندر فضول خرچیوں کو ختم کیا جائے اور جو طبقہ مہنگائی برداشت کرسکتا ہے اس پر بوجھ ڈالیں شوگر امپورٹ ایکسپورٹ کی باتیں سامنے آتی ہیں اس کا براہ راست پاکستان کو نقصان پہنچتا ہے ان چیزوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ٹیکسیشن کا نظام صحیح کرنے کی ضرورت ہے ہم نے ہر چیز کی نشاندہی کی ہے اورانہیں متبادل حل بتائے ہیں۔دھرنوں میں مشکل یقینا ہوتی ہے لیکن لوگوں کو اس سے یہ محسوس ہوا ہے کہ یہ مسائل عوام سے متعلق ہیں اور ان ہی کے لئے ہیں اور ہم پرامن احتجاج کر رہے ہیں جو تقریباً مہینے سے اوپر ہوچکا جاری ہے۔
اہم خبریں سے مزید