کراچی (ٹی وی رپورٹ) سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہئے احتجاج سے متعلق سہیل آفریدی کو انگیج کرے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے ریلیف نہیں دیا ہے لوگوں کو گھمایا ہے ہم آج اتوار کو لازمی نکلیں گے۔ سابق سفیرو دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر)رضا محمد نے کہا کہ کالعدم تنظیموں ٹی ٹی پی، بی ایل اے، بی آر اے اور القاعدہ کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے جس کی پشت پر ’را‘ ہے۔ تینوں مہمان جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغا ز میں میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ جماعت اسلامی کل اور پی ٹی آئی ستائیس ستمبر کو تحریک شروع کرے گی ۔ حافظ نعیم واضح کرچکے ہیں کہ لانگ مارچ ہو کر رہے گا۔ کوہاٹ میں دہشت گرد حملے میں سولہ پولیس اہلکاروں سمیت بائیس افراد شہید ہوچکے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کہتے ہیں کہ دہشت گردی بڑھنے کی ایک وجہ خارجہ پالیسی ناکام ہے۔ جنگ او ردی نیوز کے مطابق را کی سرپرستی میں را اور طالبان کا مبینہ دہشت گرد نیٹورک پراکسی گروہوں کے ذریعے پاکستان میں سرگرم ہے۔۔ سابق سفیرو دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر)رضا محمد نے کہا کہ پاکستان کافی عرصے سے کہہ رہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال ہو رہی ہے اور اقوام متحدہ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔ اب ٹی ٹی پی، بی ایل اے، بی آر اے اور القاعدہ کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے جس کی پشت پر ’را‘ ہے۔ آج جو جنگ میں رپورٹ شائع ہوئی جیو نیوز جو کوششیں کر رہا ہے وہ جاری رہنی چاہئیں۔ مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کی کمر توڑی جائے اور پاکستان سفارتکاری اور آپریشن دونوں ساتھ رکھے گا۔