اسلام آباد( نیو زرپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، مولاناعبدالغفور حیدری ، سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور پاک سعودی یکجہتی کونسل کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کی خاطرجانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہیں، حوثی باغیوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام اور علماء حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، حوثی فوری طور پر اپنے حملے بند کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے واضح پیغام دے دیا ہے ہم سعودی عرب کے شانہ بشانہ ہیں۔ اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سعودی عرب ہماری سرخ لا ئن ہے۔ اور ہم کسی کو یہ پار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے۔ دنیا میں جہاں بھی مسلمانوں پر حملہ ہوا، پاکستان نے اس کی مذمت کی۔ آج حرمین شریفین پر حملہ ہوا تو یہاں کے حوثی خاموش ہیں، پاکستان کے سرپرست پاک سعودی یکجہتی کونسل اور امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ پاک سعودی یکجہتی کونسل کی کانفرنس میں تمام جماعتیں یک زبان ہیں۔