• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کی عسکری ضروریات پوری کرنے کے لئے تیار ہیں، ترکیہ

کراچی (نیوز ڈیسک) ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہےکہ سعودی عرب کی عسکری ضروریات پوری کرنے کیلئے تیار ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے جاری حملوں کی وجہ سے سعودی عرب کو عسکری ضروریات پیش آ سکتی ہیں اور ترکیہ ایک سہ فریقی دفاعی معاہدے کے تحت مدد کے لئے تیار ہے، معاہدے میں پاکستان بھی شامل ہے۔فیدان نے ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا"ہم صورتحال کو دیکھ رہے ہیں ، سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر بہت شدید حملے ہو رہے ہیں۔ ہمارے معاہدے میں ایک اتحاد شامل ہے اور اس نکتے پر ہم مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں خصوصاً کچھ تکنیکی امور پر کچھ عسکری ضروریات پیش آ سکتی ہیں اور ہمیں ان کو پورا کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی۔فیدان نے کہا کہ سعودی عرب کو امریکا اور ایران کی جنگ کا حصہ بنانا ناقابلِ قبول ہے کیونکہ اس کی اس تنازع میں شامل ہونے کی کوئی خواہش نہیں تھی۔ انہوں نے مزید تفصیل بتائے بغیر کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لئے تمام فریقین کو تجاویز ارسال کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا"کئی اقدامات موجود ہیں، لیکن فریقین کو انہیں قبول کرنے کی ضرورت ہے۔ نئی تجاویز سامنے آئی ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ انہیں قبول کر لیں گے۔ ورنہ، اس بحران کو ایک خاص حد تک برداشت کیا گیا لیکن اب اس کے معاشی اثرات ناقابلِ برداشت حد سے بڑھنے لگے ہیں۔"
اہم خبریں سے مزید