کوئٹہ (پ ر) ڈائریکٹر افرادی قوت تربیت ارشاد احمد نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین حکومتی مشینری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی ترقیاں ان کا جائز اور بنیادی حق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2011 کے بعد منسٹریل اسٹاف کے سروس رولز کی تکمیل کے بعد محکمہ میں بڑے پیمانے پر ترقیوں کا باقاعدہ عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس سے ملازمین میں اطمینان اور پیشہ ورانہ حوصلہ افزائی پیدا ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایپکا افرادی قوت تربیت کے سینئر رہنما عارف شاہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ منسٹریل اور ٹیکنیکل اسٹاف محکمہ کی کارکردگی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ادارے کی بہتری میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔