کوئٹہ (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری رشید خان ناصر نے ہزارگنجی میں پیش آنے والے واقعہ اور کوئٹہ کراچی روڈ پر سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں نوجوان احمد کاکڑ کی شہادت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس صورتحال کو صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے فنڈز سے اربوں روپے سیکورٹی پر خرچ ہونے کے باوجود صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور کئی اضلاع میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بدترین کرپشن نے صوبے کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے اور سوشل ویلفیئر محکمہ اسپتالوں کا کروڑوں روپے کا مقروض ہے،جبکہ غریب مریضوں کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے جا رہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امن و امان کی بحالی، کرپشن کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔