کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ضلع قلعہ عبداللہ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ملک عبیداللہ کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری عنایت اللہ اچکزئی، ضلعی سیکرٹری ڈاکٹر محمود کاکڑ، ضلعی سینئر معاون رمضان کاکڑ، علاقائی سیکرٹریز سید احمد کاکڑ، زکریا خان کاکڑ، سعید علی، شمس اللہ اچکزئی، جبکہ صوبائی کمیٹی کے اراکین ناظم دستگیر، غنی خان، ملک عبدالخالق کاکڑ اور نورالدین خان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے مہنگائی کا ایک ایسا طوفان برپا کر دیا گیا ہے جس نے ہر گھر کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ عوامی مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق دکھائی دیتا ہےمقررین نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نااہلی، بدانتظامی اور غیر سنجیدہ فیصلوں نے ملک کو سنگین معاشی بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باوجود تنخواہوں اور آمدنی میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں کیا گیا، جس کے باعث عوام شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو غربت، بے روزگاری اور دیگر سماجی مسائل میں مزید اضافہ ہوگا، جس کے سنگین اور دور رس نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ مقررین نے حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات میں کچھ کمی آ سکے مقررین نے واضح اور دوٹوک انداز میں خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر مہنگائی میں کمی نہ کی تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔