• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی یوم مصنفین،براہوئی ادبی سوسائٹی کے زیرِ اہتمام علمی نشست

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) براہوئی ادبی سوسائٹی کے زیرِ اہتمام عالمی یوم مصنفین کے موقع پر علمی نشست کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سوسائٹی کے صدر افضل مراد نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن کے سابق صدر جمیل کُرد تھے، نظامت کے فرائض سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری حسن ناصر نے انجام دیئے۔ صدارتی خطاب میں افضل مراد نے مصنف کے معاشرتی کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصنف معاشرے کا وہ باوقار اور حساس طبقہ ہے جو اپنے قلم کی قوت سے سماجی اصلاح کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ اہلِ قلم نہ صرف فکری رہنمائی فراہم کرتے بلکہ معاشرتی شعور کی بیداری، اخلاقی اقدار کے فروغ اور اجتماعی مسائل کی نشاندہی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک سچا مصنف اپنے عہد کی ترجمانی کرتے ہوئے معاشرے کی فکری سمت متعین کرتا ہے۔مہمانِ خصوصی جمیل کُرد نے کہا کہ کوئی بھی مصنف اپنے علمی شعور اور فکری بصیرت کے ذریعے معاشرتی اصلاح، رواداری کے فروغ اور شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ تحریر محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ یہ ایک فکری تحریک ہوتی ہے جو ذہنوں کو جِلا بخشتی اور معاشرتی رویّوں کو مثبت سمت میں گامزن کرتی ہے۔ حسن ناصر نے مصنف کی ذمہ داریوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ زبان، ادب، تاریخ اور قومی و تہذیبی شناخت کا تحفظ اہلِ قلم کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پروفیسر حمیرا صدف نے فلسفیانہ نقطہ نظر سے مصنف کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب میں فرقان فیاض بلوچ، شائستہ صنم اور عارف بُگٹی سمیت دیگرنے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کوئٹہ سے مزید