کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین کا مطالبات کے حق میں رمضان المبارک میں بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج جاری ہے مختلف سیاسی جماعتوں اور ملازمین تنظیموں کے رہنماؤں نے کیمپ کا دورہ کرکے اظہار یکجہتی کیا اور انہیں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین لعل جان مری ، تاج محمد ، شاہ محمد ، عنایت اللہ اور دیگر نے کہا کہ جائز مطالبات کیلئے ماہ رمضان میں بھی احتجاج پر مجبور اور سڑکوں پر دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں جبکہ حکمران ہمارے مسائل حل کرنے کی بجائے صرف طفل تسلیاں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین گزشتہ تین سال سے اپنے قانونی اور آئینی حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ۔صوبائی کابینہ اور صوبائی اسمبلی سے منظوری کے باوجود تاحال ہمارئے مسئلے کے حل کے سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں اور بوڑھے ریٹائرڈ ملازمین کیمپ میں سردی میں سحر اور افطار کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین اپنے جائز مطالبات پر عمل درآمد تک احتجاج جاری رکھیں گے۔