بھارتی ٹاک شو کے میزبان امن چوپڑا ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر پروگرام کے دوران اپنی ہی خاتون مہمان صبوحی خان سے الجھ پڑے۔
بھارتی چینل پر نشر ہونے والے پروگرام امن چوپڑا ڈیبیٹ میں حال ہی میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت اور خطے کی صورتِ حال کے حوالے سے بحث کی گئی۔
اس پروگرام میں موجود مہمانوں میں بھارتی مسلمان خاتون وکیل صبوحی خان بھی شامل تھیں۔
ان سے ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت اور اس پر ایران کے ردعمل سے متعلق سوال پوچھا گیا۔
صبوحی خان نے دلائل دیتے ہوئے ایک موقع پر کہا کہ امریکا پیٹ پیچھے وار کرتا ہے، امریکا کے مقابلے روس بھارت کا بہترین دوست ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ہم بہت سارے کارپوریٹ مافیا سے لڑ رہے ہیں جو بھارت کا نقصان کرسکتے ہیں۔
ان کا بس اتنا کہنا تھا کہ مودی نواز میڈیا کے اینکر پرسن امن چوپڑا برا مان گئے اور لائیو شو کے دوران اپنی خاتون مہمان سے الجھ پڑے۔ اس پروگرام کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
واضح رہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد بعض بھارتی ٹی وی چینلز ناصرف فیک ویڈیوز اور پرانی فوٹیج نشر کر رہے ہیں بلکہ جنگ کی کوریج کو سنسنی خیز انداز میں نشر کر کے خلیجی ملکوں میں خوف اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔
اس حوالے سے خلیجی ملکوں کے اپنے میڈیا آؤٹ لیٹس نے اس بھارتی پروپیگنڈے کا پول کھولنا شروع کر دیا ہے اور کہا بعض بدنام زمانہ بھارتی ٹی وی چینلز فیک نیوز پھیلا کر اسرائیل کا بیانیہ آگے بڑھا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں اسلاموفوبیا بھارت سے نکل کر خلیجی ممالک تک پہنچ رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے گزشتہ ہفتے نفرت پھیلانے کے خلاف انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون توڑنے والوں کو کم از کم 5 سال قید اور 5 لاکھ سے 10 لاکھ درہم تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔
یہ وارننگ اس لیے جاری کی گئی کہ بھارتی ٹی وی چینلز سے متاثر ہو کر خلیجی ممالک میں مقیم بعض بھارتی تارکینِ وطن نے اسلام، پیغمبرِ اسلام، اسلامی ثقافت اور مسلمانوں کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز زبان استعمال کرنا شروع کر دی ہے۔