اسرائیل نے ایران کے پانی صاف کرنے والے پلانٹس پر بمباری کیوں کی؟ اسرائیلی سماجی کارکن نے حکومت سے سوال کرلیا۔
عرب جیوئش تنظیم کے اسرائیلی عہدیدار الون لی نے اسرائیلی حکومت سے سوال کیا کہ کیا کوئی سمجھا سکتا ہے کہ یہ سب ایرانیوں کو کیسے رجیم سے آزاد کروائیں گے؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں الون لی نے کہا کہ تہران کے اسپتال پر بمباری سے ایرانی عوام کو کیا فائدہ ہوگا، شاید ایرانی عوام کوآ زاد کروانا اس جنگ کا مقصد ہی نہیں؟
خیال رہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے نویں روز بھی جاری ہیں، امریکا اور اسرائیل نے ایران کے تیل کے ذخائر اور تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔
تہران کے آئل ڈپو پر حملے سے تیل کے ذخائر میں آگ بھڑک اٹھی، تیل بہنے سے سڑکوں پر بھی آگ پھیلی نظر آئی، تہران کے جنوب میں ریفائنری میں بھی حملے کے بعد آگ لگ گئی، کرج شہر میں آئل ڈپو پر حملے سے نزدیکی گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جس سے 6 افراد جاں بحق، 21 زخمی ہوگئے۔
ایران میں ایک ہفتے کے دوران شہداء کی تعداد 1300 سے تجاوز کرگئی، یونیسیف کے مطابق 20 اسکول اور 10 اسپتال نشانہ بنے، مرنے والوں میں 30 فیصد بچے ہیں۔