اسلام آباد(ممتاز علوی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر اعظم کے کفایت شعاری کے اعلانات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے انہیں محض ظاہری اور عوام کو دھوکہ دینے والا قرار دیا۔پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کا کفایت شعاری پیکج عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔دفاتر اور تعلیمی ادارے بند کرنا معاشی بحرن کا حل نہیں، اگر حکومت عوام کو ریلیف دینے میں واقعی سنجیدہ ہوتی تو دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ پٹرولیم لیوی کم از کم 21 روپے فی لیٹر کم کرتی، بجائے اس کے کہ اپنی نااہلی کا بوجھ عام آدمی پر ڈال دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ اقدامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور حکومت کی اس ناکامی پر پردہ ڈالنا ہے کہ وہ مشکلات کا شکار عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعظم کے قوم سے خطاب پر ردِعمل دیتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کے بجائے حکومت نے مہنگائی اور غربت کے مارے عوام پر ایک اور “پٹرول بم” گرا کر ان پر مزید معاشی بوجھ ڈال دیا ہے۔وقاص اکرم نے ان اقدامات کو اس حکومت کی کھلی منافقت قرار دیا جو عوام کو سادگی اور کفایت شعاری کا درس دیتی ہے مگر خود بے مثال شاہانہ اخراجات اور ٹیکس دہندگان کے پیسوں کے ضیاع میں مصروف ہے۔