اسلام آ باد (رانا غلام قادر )متروکہ املاک انتظام میں شفافیت اور مؤثر نگرانی یقینی بنانے کا فیصلہ،بورڈ کے انتظامی اور مالی امور میں احتسابی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ویجیلنس برانچ کو بحال کردیا گیا۔ویجیلنس برانچ براہِ راست چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان کی نگرانی میں کام کرے گی ، اس ضمن میں متروکہ وقف املاک بورڈ (ETPB) نے ٹرمز آف ریفرنس (TORs) کی منظوری دے دی ۔ڈو یلپمنٹ کیسز آزادانہ سکروتنی کیلئے ویجی لنس برانچ کو ریفر کئے جائیں گے۔اس سلسلے میں سیکرٹری بور ڈ فرید اقبال نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، نوٹیفیکشن کے مطابق یہ منظوری بورڈ کے 344ویں اجلاس کےفیصلوں کی روشنی میں دی گئی ۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈ قمر الزمان کی ہدایت پر ویجیلنس سیل کے قیام کے بعد اس کے دائرہ کار، ذمہ داریوں اور اختیارات کو واضح کرنے کے لیے باقاعدہ ٹرمز آف ریفرنس جاری کر دیے گئے ، اس اقدام کا بنیادی مقصد متروکہ املاک کے انتظام کو بہتر ، ریکارڈ درستگی اور مالی معاملات کی مؤثر مانیٹرنگ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ ویجیلنس برانچ کو آئی ٹی، لینڈ اینڈ پراپرٹی اور ریونیو سے متعلق امور میں نگرانی کی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ آئی ٹی برانچ کے ذریعے متروکہ املاک کی جیو ٹیگنگ کے عمل کی نگرانی، ڈیجیٹل ریکارڈ کی اپڈیٹیشن اور تصدیق کو یقینی بنایا جائے گا۔