ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن کی زیر صدارت تعلیمی بورڈ کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف انتظامی و امتحانی امور سے متعلق امور زیر غور لائے گئے، اجلاس میں شرکا کو حکومت پنجاب کی جانب سے بورڈ کےسیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس میں امتحانی مراکز پر بائیو میٹرک حاضری کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے آئی ٹی انویجیلیٹرز کی تعیناتی اور حساس امتحانی مراکز پر شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں نجی الحاق شدہ اداروں میں ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی امتحانی مراکز کے قیام کی توثیق بھی کی گئی، اجلاس کے دوران بلیک لسٹ امتحانی مراکز کی بحالی سے متعلق چیئرمین کے اقدام کی منظوری دی گئی جب کہ امتحانات کے دوران بعض عملی لیبارٹریز کی تبدیلی کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی، بورڈ اجلاس میں سرکاری گرلز ہائی سکول مبارک پور کبیر والا کے طلبہ کے داخلہ فارمز کے معاملے پر غور کیا گیا جب کہ سابقہ آئیڈیل کالج ملتان کے سابق طلبہ کے مسائل سے متعلق ایجنڈا بھی زیر بحث آیا، اجلاس میں سیکرٹری بورڈ خرم قریشی سمیت بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔