اسلام آباد( رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف کا بدھ کو کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر گفتگو کی ، شہباز شریف نے کویت اور عمان کے برادر عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ، دونوں ممالک پر حملوں کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ، انہوں نے تمام علاقائی ممالک کو امن، استحکام برقرار رکھنے اور تمام اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح نے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے پاکستان اور کویت کے عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کویت کے امیر کے لئے نیک خواہشات اور احترام کا اظہار کیا، انہوں نے ایک بار پھر کویت پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، انہوں نے کویت کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام علاقائی ممالک کو امن، استحکام برقرار رکھنے اور تمام اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔