کراچی (رفیق مانگٹ) ایران جنگ، یو اے ای کا غیر ملکی رہائشیوں کیلئے ٹیکس قوانین میں نرمی پر غور، فنانشل ٹائمز کے مطابق بیرونِ ملک قیام کے لیے ٹیکس رعایت کا امکان، ٹیکس رہائش برقرار رکھنے کی سہولت، ٹیکس رہائش کی مدت میں لچک، 183 دن کی شرط اور 90 دن کی رعایت زیرِ غور، ایران جنگ کے بعد ملک چھوڑنے والے غیر ملکی رہائشیوں کئلئے خصوصی ریلیف پالیسی، ٹیکس نرمی کیس بہ کیس، غیر معمولی حالات بھی مدنظر، غیر ملکیوں کی واپسی میں ناکامی عالمی ساکھ متاثر کر سکتی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ایران جنگ کے اثرات کے پیشِ نظر غیر ملکی رہائشیوں کے لیے ٹیکس قوانین میں نرمی دینے کا عندیہ دے دیا ہے، جس کا مقصد جنگ کے باعث ملک چھوڑنے والے سرمایہ کاروں اور پیشہ ور افراد کو واپس لانا ہے۔ یو اے ای حکام اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ ایسے افراد کو بیرونِ ملک زیادہ وقت گزارنے کی اجازت دی جائے، بغیر اس کے کہ وہ اپنی ٹیکس رہائش کی حیثیت کھو بیٹھیں۔ موجودہ قوانین کے تحت کسی فرد کو ٹیکس رہائشی بننے کے لیے سال میں کم از کم 183 دن یا مخصوص حالات میں 90 دن یو اے ای میں گزارنا ضروری ہوتا ہے۔ حکام کی اس مجوزہ نرمی کا اطلاق خاص طور پر ان افراد پر ہوگا جو ایران جنگ شروع ہونے کے بعد سکیورٹی خدشات کے باعث یو اے ای چھوڑ گئے تھے۔