کراچی (اسٹاف رپورٹر)لوٹ مار سے تنگ آئے شہریوں نے قانون کو خود ہاتھ میں لینا شروع کر دیا، بلدیہ اور گلشن معمار میں شہریوں کی فائرنگ سے 2 ڈاکو مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گلشن معمار تھانے کی حدود عبداللہ گوٹھ گبول گوٹھ بلال مسجد کے قریب لوٹ مار کرنے والے 4 ڈاکوؤں کو شہریوں نے گھیر لیا۔اس دوران دو ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے جبکہ دو فرار ہو گئے۔اس دوران مبینہ طور پر مشتعل شہریوں کی فائرنگ اور تشدد سے دونوں ڈاکو شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچی ۔زخمی ڈاکوؤں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ڈاکو جو شہریوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا دوران علاج ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت 25 سالہ اویس ولد ظفر اور زخمی ڈاکو کی شناخت فراز علی ولد حاکم علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ملزمان کے قبضے سے پستول ،دو موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔پولیس نے بتایاکہ ہلاک ڈاکو اور اسکے ساتھی برائلر مرغی کے سپلائر کامران کو اسلحے کے زور پر لوٹ رہے تھے کہ سپلائر کے شور مچانے پر علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کو گھیرے میں لے لیا اور تشدد کا نشانہ بناڈالا ۔