• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کیخلاف سلامتی کونسل قرارداد کو بھارتی سرپرستی حاصل تھی، اسرائیلی سفیر

کراچی (رفیق مانگٹ) بھارت میں اسرائیل کے سفیر رووین آزر نے کہا ہے کہ ایران کیخلاف سلامتی کونسل قرارداد کو بھارتی سرپرستی حاصل تھی، موجودہ جنگ اسرائیل کی بقا کی جنگ ہے، ایران کو روس اور چین کی محدود حمایت حاصل ہے۔ ایران 2027 تک اسرائیل کے خلاف بڑے میزائل منصوبے پر کام کر رہا تھا۔ خلیج اور بھارتی مفادات کو بچانے کیلئے ایران کی طاقت کم کرنا ضروری ہے، بھارتی میڈیا کو خصوصی انٹرویو میں بھارت میں اسرائیل کے سفیر رووین آزر نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی، خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات کی ۔ انہوں نے ایران کے میزائل اور جوہری پروگرام کو تسلیم شدہ اور سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ جنگ اسرائیل کے لیے بقا کا مسئلہ ہے۔ انٹرویو کے دوران سفیر نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی گمشدگی یا خرابی صحت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو مکمل طور پر متحرک ہیں، باقاعدگی سے کابینہ اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں اور جنگی حکمت عملی کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایرانی شہر میناب میں اسکول پر حملے سے متعلق سوال پر سفیر نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور المناک قرار دیا اور کہا کہ شہری ہلاکتیں کسی صورت قابلِ جواز نہیں۔ تاہم انہوں نے ذمہ داری کے تعین پر شکوک ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ابھی واضح نہیں کہ دھماکہ اسرائیلی حملے کا نتیجہ تھا یا ایران کا اپنا میزائل دفاعی نظام ناکام ہوا، جس کے باعث میزائل ہدف سے ہٹ کر گرا۔ میزبان کی جانب سے بین الاقوامی رپورٹس اور مبینہ شواہد کا حوالہ دینے پر سفیر نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ایسی کوئی مثال موجود بھی ہو تو یہ ایک استثنائی واقعہ ہو سکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید