• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’’بلھا‘‘ کی پروموشن، پی ٹی ڈی سی کی ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے رنگارنگ تقریب

لاہور (رپورٹ عمران احسان ) پاکستانی پنجابی فلم ’’بلھا‘‘کی پروموشن کے سلسلے میں پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن(پی ٹی ڈی سی) کی ڈبل ڈیکر بس ٹوور کے ذریعے پر ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر جس میں فلم بلھا کی کاسٹ اداکار شان شاہد، اداکار سلیم شیخ، اداکارہ مونا لیزا، اداکارہ نعیمہ بٹ اور ہدایتکار شعیب خان شریک ہوئے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اداکار شان شاہد نے کہا کہ فلم “بُلّھا” ایک منفرد کہانی پر مبنی ہے جس میں ایک ایسے کردار کو پیش کیا گیا ہے جو ناانصافی کے خلاف کھڑا ہوتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پنجابی فلم انڈسٹری ایک بار پھر عروج کی جانب گامزن ہے اور’’بُلّھا‘‘ اس سفر میں اہم کردار ادا کرے گی، اداکار سلیم شیخ نے کہا کہ فلم میں ان کا کردار ناظرین کیلئے ایک نیا تجربہ ہوگا جبکہ مونا لیزا نے فلم کی کہانی اور میوزک کو اس کی خاص بات قرار دیا، اداکارہ نعیمہ بٹ کا کہنا تھا کہ فلم میں مضبوط کردار اور حقیقت کے قریب مناظر شامل ہیں جو شائقین کو متاثر کریں گے، ہدایتکار شعیب خان نے بتایا کہ فلم کی عکس بندی جدید تقاضوں کے مطابق کی گئی ہے اور اس میں ایکشن، ڈرامہ اور جذبات کا حسین امتزاج پیش کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی پنجاب کی ثقافت اور روایات کی عکاسی کرتی ہے، تقریب کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ فلم بلھا عیدالفطر کے موقع پر شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی، واضح رہے کہ فلم “بُلّھا” عیدالفطر 2026ء پر ملک بھر کے سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔یہ فلم ناصر ادیب کے قلم کا شاہکار ہے جو اس سے قبل بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ بھی لکھ چکے ہیں ،جیو اس فلم کا میڈیا پارٹنر ہے ۔

اہم خبریں سے مزید