لاہور (خصوصی رپورٹر) کیتھیڈرل چرچ آف ریزوریکشن (کیتھیڈرل اسکول ہال) لاہور میں بین المذاہب افطار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کی میزبانی بشپ آف لاہور، ندیم کامران نے کی جبکہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی حکومتِ پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے انہوں نے مزید کہا کہ امن، برداشت اور بھائی چارہ ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں، اور پنجاب حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔