لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گجرات میں نالہ شہباز پوردوارہ کی اوور فلو کی روک تھام کیلئے 186ملین سکیم کی منظوری دی گئی۔سرگودھا بھیرا میں دریائے جہلم کے کٹاؤ کی روک تھام کیلئے 32ملین کی اسکیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیالکوٹ میں شیٹ فلڈنگ کی روک تھام کیلئے 40ملین گرانٹ کی منظوری کے علاوہ بہاولپور ڈویژن میں خشک سالی سے نمٹنے کیلئے 59ملین روپے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سیلاب متاثرین میں 51ارب روپے کے فنڈز تقسیم کئے گئے ہیں۔