• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید الفطر کے ایام میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کیسکو نے عیدالفطرکی تعطیلات کے دوران باقاعدگی سے بجلی کی فراہمی کیلئے مختلف انتظامات کئے ہیں اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عید الفطر کے ایام میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ ترجمان کیسکو کے مطابق کوئٹہ سے باہر تما م سٹی اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کو بھی عید کی تعطلیات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دے دیاگیا ہے البتہ صوبہ میں موجود تمام رورل فیڈروں کو پرانے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق عیدالفطرکی تعطیلات کے دوران پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر میں کنٹرول روم قائم کردیاگیاہے جو تعطیلات کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کومانیٹر کرے گا اورکسی بھی جگہ بجلی منقطع ہونے یا فنی خرابی پیدا ہونے و بجلی کی صورتحال سے متعلق کیسکوچیف کوآگاہ کرتارہے گا۔ عیدالفطر کے ایام میں کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز، ڈویژن اور سب ڈویژن کی سطح پربھی کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں جس میں سپرنٹنڈنگ انجینئرز ،ایکسئنز اور ایس ڈی اوز آپریشنل عملہ کے ساتھ اپنے دفاترمیں موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی علاقے میں پیداہونے والے تکنیکی فالٹ کی بروقت درستگی یا انفرادی شکایات کا ازالہ کم سے کم وقت میں کیاجاسکے۔ اس کے علاوہ آپریشن سرکل کی سطح پر بھی ایک فوکل پرسن نامزدکردیاگیاہے جو متعلقہ آپریشن سرکل کے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مقامی نمائندوں کے ساتھ بھی رابطے میں رہے گا۔ گرڈ سسٹم آپریشن کے افسران اورعملہ بھی عید الفطرکی تعطیلات کے دوران گرڈاسٹیشن میں اپنی موجودگی کویقینی بنائیں گے۔
کوئٹہ سے مزید