امریکی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران نے بحر ہند میں واقع مشترکہ امریکی برطانوی فوجی اڈے ڈیگو گارشیا پر 2 بیلسٹک میزائل داغے جن کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ ہدف تک نہیں پہنچے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق درمیانے فاصلے کے 2 بیلسٹک میزائل میں سے ایک پرواز کے دوران ناکام ہو گیا، جبکہ دوسرے میزائل کے لیے امریکی جنگی جہاز نے ایس ایم 3 انٹرسپٹر فائر کیا، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انٹرسیپشن کامیاب رہا یا نہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈیگو گارشیا امریکی افواج کے لیے ایک اہم غیر ملکی اسٹیشن اور بھاری بمبار طیاروں کے لیے کلیدی فضائی اڈہ ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق ڈیگو گارشیا فوجی اڈا ایران سے 4 ہزار کلو میٹر دور ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے میزائلوں کی حد تہران کی دعویٰ کردہ حد سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے ڈیگو گارشیا پر 2 بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق ڈیگو گارشیا پر میزائل حملہ ثابت کرتا ہے کہ ایرانی میزائلوں کی رینج دشمن کی سوچ سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ایران نے اپنے میزائلوں کی حد جان بوجھ کر 2 ہزار کلومیٹر تک محدود رکھی تھی۔