• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایئر کینیڈا طیارہ حادثہ: جہاز سے سیٹ سمیت 330 فٹ دور جا گرنے والی فضائی میزبان معجزاتی طور پر زندہ بچ گئی

---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ایئر کینیڈا ایکسپریس کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران فائر ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، حادثے میں سیٹ سمیت تقریباً 330 فٹ دور جا گرنے والی ایک فضائی میزبان معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر کینیڈا ایکسپریس کی سی آر جے-900 پرواز مونٹریال سے نیویارک آرہی تھی، اس فلائٹ میں 72 مسافر اور عملے کے 4 افراد سوار تھے۔ 

حادثہ اتوار کی رات اس وقت پیش آیا جب طیارہ رن وے پر اتر رہا تھا اور ایک فائر ٹرک کو دوسرے طیارے کی ہنگامی جانچ کے لیے رن وے عبور کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق چیف فضائی میزبان سولانژ ٹریمبلے حادثے کے دوران اپنی جمپ سیٹ پر موجود تھیں جو زور دار ٹکر کے باعث طیارے سے باہر جا گریں، ان کی بیٹی سارہ لیپین نے کینیڈین میڈیا کو بتایا ہے کہ اِن کی والدہ کی ایک ٹانگ میں متعدد فریکچر آئے ہیں اور اِنہیں سرجری کی ضرورت ہوگی، اُنہوں نے اپنی والدہ کے زندہ بچ جانے کو ’معجزہ‘ قرار دیا ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں طیارے کو رن وے عبور کرتے فائر ٹرک سے ٹکراتے دیکھا گیا، ایئر ٹریفک کنٹرول کی آڈیو میں کنٹرولر کو آخری لمحوں میں ٹرک کو رکنے کی ہدایت دیتے سنا گیا جبکہ بعد میں وہ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہتے ہیں، ’مجھ سے غلطی ہوگئی۔‘

ایک مسافر ریبیکا لیکووری نے بتایا کہ لینڈنگ سے پہلے جھٹکے محسوس ہوئے، پھر اچانک تیز بریک اور زور دار دھماکے کی آواز آئی، ان کے مطابق کئی مسافر اپنی نشستوں سے اچھل گئے اور زخمی ہو گئے جبکہ مسافروں نے ایک دوسرے کی مدد سے طیارے کے پر سے نیچے اتر کر جان بچائی۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے پائلٹس کی شناخت انتوان فاریسٹ اور میکنزی گنتھر کے نام سے ہوئی ہے جو اپنے کیریئر کے ابتدائی مرحلے میں تھے۔ 

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے سربراہ برائن بیڈفورڈ نے واقعے کو ’انتہائی افسوسناک سانحہ‘ قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید