ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد عالمی تیل اور گیس کی رسد شدید متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں دنیا کے کئی ممالک نے معاشی بحران سے بچنے کے لیے اپنے اسٹریٹجک آئل ذخائر استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں۔
عرب میڈیا ’الجزیرہ‘ کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق عالمی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے 32 رکن ممالک نے ہنگامی طور پر 40 کروڑ بیرل تیل ذخائر سے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو تاریخ کی سب سے بڑی مشترکہ ریلیز قرار دی جا رہی ہے۔
آبنائے ہرمز بحران اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ
28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی آمدورفت محدود کر دی تھی، یہ راستہ خلیجی ممالک کے لیے سمندر تک واحد گزرگاہ ہے جہاں سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور ایل این جی سپلائی گزرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشیدگی بڑھنے کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 65 ڈالر سے بڑھ کر 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت آبنائے ہرمز کھلوانے میں ناکام رہی ہے، ایسے میں ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے توانائی ڈھانچے پر حملے جاری رہے تو وہ اس کو مکمل طور پر بند کر دے گا۔
اسٹریٹجک آئل ریزَرو کیا ہوتا ہے؟
اسٹریٹجک آئل ریزرو (ایس پی آر) دراصل حکومتوں کے زیرِ انتظام خام تیل کے ہنگامی ذخائر ہوتے ہیں جو جنگ، قدرتی آفات یا معاشی بحران کے دوران استعمال کیے جاتے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق آئی ای اے کے رکن ممالک کے پاس مجموعی طور پر 1.2 ارب بیرل کے سرکاری جبکہ تقریباً 60 کروڑ بیرل نجی مگر حکومتی نگرانی میں ذخائر موجود ہیں۔
کن ممالک کے پاس کتنے ذخائر ہیں؟
چین
’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق چین آئی ای اے کا رکن ملک نہیں ہے مگر دنیا کا سب سے بڑا تیل کا ذخیرہ رکھنے والا ملک سمجھا جاتا ہے۔
چین کے سرکاری اعداد و شمار خفیہ ہیں تاہم توانائی تجزیاتی اداروں کے مطابق 2025ء کے آخر تک چین کے ذخائر تقریباً 1.13 ارب بیرل تک پہنچ گئے تھے، ذخائر زیادہ تر مشرقی ساحلی علاقوں میں موجود ہیں۔
امریکا
رپورٹ کے مطابق امریکا کے پاس تقریباً 41 کروڑ 50 لاکھ بیرل اسٹریٹجک تیل موجود ہے۔
یہ ذخیرہ 1975ء میں عرب تیل پابندی کے بعد قائم کیا گیا تھا، امریکا اس سال 17 کروڑ 20 لاکھ بیرل جاری کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔
جاپان
جاپان کے پاس تقریباً 47 کروڑ بیرل ہنگامی ذخائر موجود ہیں جو ملک کی 254 دن کی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔
جاپان نے بحران کے بعد 8 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانیہ
برطانیہ کے پاس تقریباً 6 کروڑ 80 لاکھ بیرل تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر موجود ہیں جو تقریباً 90 دن کے لیے کافی ہیں۔
برطانیہ آئی ای اے منصوبے کے تحت 1 کروڑ 35 لاکھ بیرل جاری کرے گا۔
جرمنی:
رپورٹ کے مطابق جرمنی کے پاس تقریباً 17 کروڑ 70 لاکھ بیرل (خام تیل اور مصنوعات) موجود ہیں۔
فرانس:
فرانس کے پاس تقریباً 12 کروڑ بیرل ذخائر ہیں جن میں خام تیل، ڈیزل اور جیٹ فیول شامل ہے۔
اسپین:
اسپین کے پاس کُل ذخائر تقریباً 15 کروڑ بیرل تیل موجود ہے جس میں سے بحران کے پیشِ نظر 1 کروڑ 15 لاکھ بیرل تیل جاری کیا جا رہا ہے۔
اٹلی:
عرب میڈیا کے مطابق اٹلی کے پاس تقریباً 7 کروڑ 60 لاکھ بیرل تیل کے ذخائر موجود ہیں جو 90 دن کی درآمدات کے برابر ہیں۔