پاکستان کے صوبے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی ثروت فاطمہ نے ملائیشیا میں منعقدہ بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں 2 گولڈ میڈلز جیت لیے۔
اپنی اس تاریخی فتح پر گفتگو کرتے ہوئے ثروت فاطمہ کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک جیت نہیں بلکہ میری انتھک محنت، لگن اور کھیل سے سچی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والد اور پاک فوج کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ میں آج جس مقام پر ہوں، اس میں میرے والد کی دعاؤں اور پاک فوج کے بھرپور تعاون کا بڑا ہاتھ ہے، جنہوں نے ہر قدم پر حوصلہ افزائی کی۔
عالمی گولڈ میڈلسٹ نے اس موقع پر پاک فوج میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج کا حصہ بن کر ملک و قوم کا نام مزید روشن کرنا چاہتی ہوں۔
ثروت فاطمہ نے اپنی شاندار کارکردگی سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر حوصلے بلند ہوں تو منزل قدم چومتی ہے۔