امریکا نے سیکیورٹی خدشات پر نیو یارک میں اقوام متحدہ میں ایران کے نائب سفیر سعادت آغا جانی کو ملک سے بے دخل کر دیا ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ نیویارک میں اقوام متحدہ میں ایرانی نائب سفیر کو امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ سال دسمبر میں قومی سلامتی خدشات پر امریکا سے بے دخل کر دیا تھا۔
تاہم امریکا نے اس فیصلے کو اس وقت محتاط رکھا تھا، دسمبر کے شروع میں امریکی محکمہ خارجہ نے ایک نوٹ کے ذریعے نیو یارک میں یواین ایرانی مشن میں نائب سفیر کو فوری امریکا چھوڑنے کا کہا تھا۔
ایرانی سفارت کار کو ’’دفعہ 13 طریقہ کار‘‘ کے تحت امریکا چھوڑنے کو کہا گیا تھا جو کہ جاسوسی، امریکی مفادات یا قومی سلامتی کے خلاف کام کرنے والے سفارت کاروں کیلئے باضابطہ طور پر ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کے بجائے، خاموشی سے اخراج کی سہولت فراہم کرنے کا عمل ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ایرانی سفارتکار آغاجانی پر کوئی خاص الزام نہیں لگایا گیا ہے۔ خبر کے مطابق امریکی اہلکار نے بتایا کہ محکمہ خارجہ نے فروری میں آغا جانی کے بچوں کو بھی امریکا چھوڑنے کا کہہ دیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے نیو یارک میں ایرانی مشن کو نوٹ بھیجنے کی تصدیق کی ہے، تاہم ایرانی مشن نے اپنے سفیر کی امریکا بے دخلی کی خبر پر جواب دینے سے گرہز کیا ہے۔