پاسداران انقلاب ایران نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جنگ کا دائرہ بڑھانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے خطے کو امریکا کے لیے دوزخ میں تبدیل کردیں گے۔
خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے امریکی صدر سے کہا کہ بھولنا مت اگر جارحیت بڑھائی تو پورا خطہ تمھارے لیے دوزخ میں تبدیل کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کو شکست دینے کا وہم پہلے ہی دلدل میں تبدیل کیا جاچکا ہے اور اب اس میں دھنس جائے گا۔
اس سے پہلے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی تھی کہ اگر دو روز میں یعنی پیر تک آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو ایران کو دوزخ جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، دس دن کی مہلت ختم ہورہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 روز پہلے کہا تھا کہ ایران کو مزید دس روز کی مہلت دی جارہی ہے، اس دوران توانائی تنصیبات پر حملے نہیں کیے جائیں گے۔
تاہم ان تنصیبات پر یہ حملے مسلسل جاری ہیں اور ہفتے کو بھی نیوکلیئر پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا۔