• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹانگوں اور ٹخنوں پر سوجن، ہاتھوں پر نیل، ٹرمپ کس بیماری میں مبتلا؟ تشخیص ہوگئی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں رگوں کی دائمی لیکن غیر سنگین بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔

وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹانگوں اور ٹخنوں کی سوجن کی شکایت پر معائنے کے بعد رگوں کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کے مطابق امریکی صدر کی صحت بہترین ہے اور شریانوں کی بیماری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کے ہاتھ پر چوٹ کے نشانات کی تصاویر کے حوالے سے کئی دنوں کی قیاس آرائیاں زیر گردش تھی۔ تاہم طبی معائنے کے بعد معالجین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ میں کرانک وینس اِن سفیشینسی (Chronic Venous Insufficiency) کی تشخیص ہوئی ہے۔

کیرولین لیویٹ کا کہنا ہے کہ طبی ماہرین کے مطابق ٹرمپ کے ہاتھ پر چوٹ کے نشانات بار بار مصافحہ کرنے سے ٹشو کو پہنچنے والے نقصان کے ہیں اور یہ مسلسل اسپرین کے استعمال کا نتیجہ ہے، جو جلد کے ٹشوز میں جلن کا سبب ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ امراضِ قلب کی روک تھام کے لیے اسپرین کا استعمال کرتے ہیں۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کے معالج کے مطابق وہ نسوں میں کمزوری کی علامات کا شکار ہیں، ایسی علامات عموماً 70 سال سے زائد عمر کے افراد میں ظاہر ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ 79 سالہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حال ہی میں طبی معائنہ کیا گیا، یہ معائنہ ان تصاویر کے سامنے آنے کے بعد کیا گیا جن میں صدر کے ٹخنے سوجے ہوئے اور ہاتھ پر زخم نمایاں تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید