پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارش کے بعد سے بلوچستان کے ڈیموں میں پانی سطح سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حب ڈیم میں پانی کی سطح 336 اعشاریہ 5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اسپل وے کی سطح 339 فٹ ہے۔
رپورٹ کے مطابق میرانی ڈیم بھر گیا ہے جبکہ اسپل وے سے اضافی پانی کا اخراج جاری ہے، ڈیم میں پانی کی سطح 245 فٹ ہے جبکہ اسپل وے کی سطح 244 فٹ ہے۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق شادی کور ڈیم میں 52 فٹ پانی جمع ہوچکا ہے جبکہ 55 فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔
رپورٹ کے مطابق ژوب میں سبکزئی ڈیم میں پانی کی سطح 73فٹ ہے جبکہ گنجائش 94 فٹ ہے، ادھر گوادر کے نواح میں سوڈ ڈیم میں 39فٹ پانی جمع ہوا ہے اور گنجائش 44 فٹ ہے۔
دوسری طرف کوئٹہ اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔