سینیٹ سے مراد سعید کی نااہلی کے بعد خالی نشست پر عرفان سلیم کو نامزد کردیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی بورڈ نے عرفان سلیم کو امیدوار نامزد کر دیا، سینیٹ نشست کیلئے 54 امیدواروں نے کاغذات پارٹی کو جمع کروائے تھے۔
پی ٹی آئی اعلامیہ کے مطابق سجاد مہمند، غلام بادشاہ، سردار خان کو بطور کورننگ امیدوار رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ امیدوار کےلیے پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس گزشتہ رات خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ہوا تھا، جس میں سینیٹر کے ناموں پر مشاورت کی گئی تھی، اپوزیشن کی جانب سے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام سینیٹ امیدوار کےلیے بھیجوایا گیا تھا۔
اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کو بھجوایا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی مرکزی قیادت کی سینیٹ کے لیے 2 مزید ناموں پر بھی مشاورت کی گئی، عرفان سلیم اور فیض الرحمان کا نام بھی سینیٹ امیدوار کے لیے زیر بحث آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ کو رائے دی گئی کہ عرفان سلیم کا نام 9 مئی میں شامل ہے جبکہ فیض الرحمان نے بانی کے کیسز میں قانونی ٹیم کی معاونت کا وعدہ کیا ہے۔
دوسری طرف علامہ ناصر عباس نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام تجویز کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ محمود اچکزئی اور اپوزیشن اتحاد نے یہ نام تجویز کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے دور حکومت کے وزیر مراد سعید کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن 23 اپریل کو ہوگا۔